گرینڈ بلوچستان کرکٹ لیگ: کوئٹہ بیئرز نے فائنل میں چاغی اسکارپیئنز کو شکست دے کر ٹرافی جیت لی

گرینڈ بلوچستان کرکٹ لیگ: کوئٹہ بیئرز نے فائنل میں چاغی اسکارپیئنز کو شکست دے کر ٹرافی جیت لی

کوئٹہ: ایف سی بلوچستان نارتھ کے تعاون سے منعقدہ گرینڈ بلوچستان کرکٹ لیگ کا سنسنی خیز فائنل کوئٹہ کینٹ کے چاغی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جس میں کوئٹہ بیئرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاغی اسکارپیئنز کو 32 رنز سے شکست دے کر چیمپئن ٹرافی اپنے نام کرلی۔

فائنل مقابلے میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا، تاہم کوئٹہ بیئرز نے بیٹنگ اور مجموعی کارکردگی کی بدولت حریف ٹیم کو زیر کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ اسٹیڈیم میں موجود شائقینِ کرکٹ نے بھی دلچسپ مقابلے سے بھرپور لطف اٹھایا۔فائنل میچ کے مہمان خصوصی کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین تھے، جبکہ آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ میجر جنرل عاطف مجتبیٰ سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام، کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور شائقین کی بڑی تعداد بھی تقریب میں شریک ہوئی۔فائنل میں کوئٹہ بیئرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 196 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔ 197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں چاغی اسکارپیئنز کی ٹیم نے بھرپور مزاحمت کی، تاہم مطلوبہ رفتار برقرار نہ رکھ سکی اور 154 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔اس طرح کوئٹہ بیئرز نے 32 رنز کے واضح مارجن سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے گرینڈ بلوچستان کرکٹ لیگ کی ٹرافی اپنے نام کرلی، جبکہ چاغی اسکارپیئنز کو رنر اپ ٹرافی پر اکتفا کرنا پڑا۔میچ کے اختتام پر تقسیمِ انعامات کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں مہمان خصوصی کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

 ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کوئٹہ بیئرز کو 15 لاکھ روپے نقد انعام اور ونر ٹرافی دی گئی، جبکہ رنر اپ ٹیم چاغی اسکارپیئنز کو 7 لاکھ روپے نقد انعام اور ٹرافی سے نوازا گیا۔اس موقع پر کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بلوچستان میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ تقریب میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ ایسے کھیلوں کے مقابلے مقامی ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہتر مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر چاغی اسٹیڈیم میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگاتے اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے آتش بازی کے خوبصورت مناظر سے لطف اٹھایا، جس سے فائنل کی خوشیوں اور تقریب کی رونق میں مزید اضافہ ہوگیا۔