تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں مزید پانی چھوڑنے کا امکان، اٹک اور ہری پور میں الرٹ جاری

تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں مزید پانی چھوڑنے کا امکان، اٹک اور ہری پور میں الرٹ جاری

تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں آج رات مزید اضافی پانی چھوڑے جانے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافے کی توقع ہے۔

 ممکنہ صورتحال کے پیش نظر اٹک اور ہری پور کی ضلعی انتظامیہ نے الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ضلعی انتظامیہ اٹک نے دریائے سندھ کے قریب واقع چھچھ گاؤں کے رہائشیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ تحصیل حضرو کے مختلف علاقوں کے لیے بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔انتظامیہ کے مطابق شہری اپنے مال مویشی فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کریں اور دریائے سندھ کے قریب جانے سے گریز کریں۔ ممکنہ خطرے سے آگاہ کرنے کے لیے حضرو انتظامیہ کی جانب سے مختلف مساجد میں اعلانات بھی کروائے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق شام کے وقت تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں ڈیڑھ لاکھ کیوسک پانی چھوڑنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ مشیر آبپاشی کے مطابق دریائے سندھ میں ہنڈ کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 33 ہزار 737 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح کم کرکے ایک ہزار 490 فٹ تک لائی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق پانی کی سطح کم کرنے کا عمل دوپہر 12 بجے تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔

تربیلا ڈیم کے توسیعی منصوبے میں حادثہ

ادھر تربیلا ڈیم کے توسیعی پن بجلی منصوبے پر کام کے دوران کنیکٹنگ ٹنل کی کھدائی کے وقت چٹان کا ایک کمزور حصہ گرنے سے حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں پانی ٹنل اور پاور ہاؤس میں داخل ہوگیا۔ترجمان واپڈا کے مطابق ان ٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکال لیا گیا ہے، جبکہ منصوبے کی مین ٹنل، زیر تعمیر پاور ہاؤس اور سوئچ یارڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ حادثے کے دوران تمام مقامی اور غیر ملکی ورکرز کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ترجمان واپڈا نے تربیلا ڈیم کی ٹنل نمبر پانچ منہدم ہونے سے متعلق اطلاعات کو غلط قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ٹنل نمبر پانچ منہدم نہیں ہوئی۔واپڈا کے مطابق حادثے کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت توسیعی پن بجلی منصوبے پر کام روک دیا گیا ہے۔

شہریوں کے لیے احتیاطی ہدایات

ضلعی انتظامیہ نے دریائے سندھ کے قریبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ممکنہ طور پر پانی کی سطح میں اضافے کے پیش نظر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی تیاری رکھیں، اپنے مال مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کریں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔