ترکیہ: سٹیل فیکٹری میں خوفناک دھماکہ، 17 افراد جاں بحق، 12 زخمی

ترکیہ: سٹیل فیکٹری میں خوفناک دھماکہ، 17 افراد جاں بحق، 12 زخمی

ترکیہ کے مغربی صوبے ازمیر میں واقع سٹیل فیکٹری میں خوفناک دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 17 افراد جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوگئے۔

 حادثے کے بعد فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی اور علاقے میں دھویں کے گہرے بادل چھا گئے۔حکام کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد حاباس سٹیل پلانٹ کے ملازمین تھے۔ یہ پلانٹ ترکیہ کے بڑے سٹیل پیدا کرنے والے صنعتی اداروں میں شمار ہوتا ہے۔حادثے کے بعد سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں فیکٹری کے اندر آگ کے شعلے اور فضا میں بلند ہوتے دھویں کے گہرے بادل دیکھے جا سکتے ہیں، جبکہ امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر کارروائیاں شروع کردیں۔ازمیر کے گورنر سلیمان البان کے مطابق دھماکہ اس وقت پیش آیا جب متبادل بوائلر لے جانے والی ایک کرین گر گئی، جس کے نتیجے میں کرین پر موجود سامان نیچے واقع بھٹی میں جا گرا۔ اس واقعے کے بعد فیکٹری میں زور دار دھماکہ ہوا اور آگ پھیل گئی۔

دوسری جانب کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثہ پلانٹ کی الیکٹرک آرک فرنس میں معمول کی دیکھ بھال کے کام کے دوران پیش آیا۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ حکام کی جانب سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔حکام کے مطابق خدشہ ہے کہ کچھ افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، جس کے باعث امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ واقعے کے بعد صنعتی تنصیبات میں حفاظتی انتظامات اور کام کے دوران احتیاطی تدابیر سے متعلق سوالات بھی سامنے آئے ہیں۔