راولپنڈی(سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ پیر9 نومبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہو گیا۔میچ صبح ساڑھے نو بجے شروع ہوا۔پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات بہترین انداز میں کیے ہیں۔سیکیورٹی پلان کے تحت اسٹیڈیم اور اطراف کے علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز بھی تعینات ہیں۔ اسٹیڈیم اور گردونواح کی نگرانی سیف سٹی کیمروں اور جدید سی سی ٹی وی نظام کے ذریعے کی جا رہی ہے۔ سیکیورٹی کی نگرانی کے لیے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔پولیس موبائلز، ایلیٹ فورس اور ڈولفن اسکواڈ کے اہلکار اسٹیڈیم کے اطراف گشت پر مامور ہیں۔ اس کے علاوہ بس اڈوں، ہوٹلوں اور گیسٹ ہاسز میں آنے والے مسافروں اور مہمانوں کی نگرانی کے لیے ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا گیا ہے۔شائقین کی سہولت کے لیے پارکنگ، ٹریفک کی روانی اور متبادل راستوں کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں جبکہ ریسکیو ایمبولینسز، فائر بریگیڈ اور طبی عملے کو بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رکھا گیا ہے۔انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ بین الاقوامی کرکٹ مقابلے پرامن ماحول میں منعقد ہو سکیں۔