دیوالی کے بعد پنجاب میں فضائی آلودگی کی صورتحال مزید سنگین ہوگئی

 ایئر کوالٹی انڈیکس 500 سے تجاوز کر گیا، پنجاب میں سموگ کی شدت بڑھنے کا خدشہ 
 بھارتی پنجاب میں 4 نومبر تک فصلوں کی باقیات جلانے کے 2347 واقعات ریکارڈ کیے گئے
لاہور(آئی این پی ) دیوالی کے بعد پنجاب میں فضائی آلودگی کی صورتحال مزید سنگین ہوگئی اور ایئر کوالٹی انڈیکس 500 سے تجاوز کر گیا۔تفصیل کے مطابق پنجاب حکومت کی رپورٹ اور بھارتی میڈیا کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے تحت دیوالی کے موقع پر بھارت میں بڑے پیمانے پر آتش بازی اور فصلوں کی باقیات جلانے کی وجہ سے لاہور اور گردونواح میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی )خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے۔دیوالی کے اگلے ہی روز لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 500 سے تجاوز کر گیا۔ پیر کی صبح لاہور کا اے کیو آئی 519 اور بین الاقوامی اشاریوں میں 563 تک ریکارڈ کیا گیا۔حکومت کی پیشگی رپورٹ میں خبردار کیا گیا تھا کہ امرتسر سے 50 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود لاہور میں دیوالی کا دھواں 5 سے 13 گھنٹوں میں پہنچ سکتا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارتی پنجاب میں 4 نومبر تک فصلوں کی باقیات جلانے کے 2347 واقعات ریکارڈ کیے گئے، ان میں سے 46 فیصد واقعات (1081 )واقعات  ترن تارن، فیروز پور اور امرتسر جیسے اضلاع میں پیش آئے جو لاہور اور قصور کی سرحد سے بالکل متصل ہیں۔ادھر بھارتی ذرائع ابلاغ نے بھی اعتراف کیا ہے کہ پابندی کے باوجود دیوالی کی رات شدید آتش بازی کی گئی، بھارتی پنجاب کے شہر منڈی گوبند گڑھ میں آلودگی کا انڈیکس 445 تک پہنچ گیا، جبکہ امرتسر، لدھیانہ، جالندھر اور نئی دہلی میں فضائی آلودگی خطرناک ترین سطح پر پہنچ چکی ہے