غزہ امن کانفرنس:اسرائیلی جارحیت اور جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ترکیہ میں غزہ امن کانفرنس میں شرکت ، مستقل جنگ بندی اور پائیدار امن کے لائحہ عمل پر غورکیا گیا
اسلام آباد(آن لائن)نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے ترکیہ میں منعقدہ غزہ امن کانفرنس میں شرکت کی، جہاں انہوں نے دیگر عرب و اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے ہمراہ غزہ میں مستقل جنگ بندی، پائیدار امن، اور انسانی بحران کے حل کے لیے لائحہ عمل پر تفصیلی غور و خوض کیا۔ترجمان دفترِ خارجہ طاہر اندرابی کے مطابق  کانفرنس میں شریک رہنماؤں نے فلسطینی عوام کے لیے فوری انسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا اور غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت اور جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی۔انہوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا اور غزہ کی تعمیرِ نو کے لیے عالمی سطح پر مربوط اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے اس موقع پر اپنے اصولی اور تاریخی مؤقف کا اعادہ کیا کہ فلسطین کا قیام ایک آزاد، قابلِ عمل اور متصل ریاست کے طور پر 1967ء  سے قبل کی سرحدوں کے مطابق ہونا چاہیے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔طاہر اندرابی کے مطابق، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور ان کی جدوجہدِ آزادی کی مکمل حمایت جاری رکھے گا