بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے ایک کروڑ 2 لاکھ خاندان مالی معاونت حاصل کر رہے ہیں
مٹھی (آئی این پی )بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے اعلان کیا ہے کہ مستحق خواتین کو آئندہ قسط 6 بینکوں کے ذریعے براہِ راست ڈیجیٹل والٹ اکائونٹس میں منتقل کی جائے گی، جبکہ مستقبل میں مزید بینکوں کو بھی اس نظام میں شامل کیا جائے گا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری کی خصوصی ہدایت پر ضلع تھرپارکر کے دورے کے موقع پر روبینہ خالد نے قحط سے متاثرہ غریب اور مستحق خاندانوں کے لیے مالی امداد اور پاورٹی اسکور کی حد میں رعایت دینے کا اعلان کیا۔ ڈپٹی کمشنر آفس مٹھی میں ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ تھرپارکر کو قحط زدہ قرار دیے جانے کے بعد متاثرہ خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی اور نئے مستحق خاندانوں کو بھی پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت 32 پاورٹی اسکور تک کے خاندان پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں، تاہم قحط کی صورتحال کے پیش نظر 45 سے 50 پاورٹی اسکور والے خاندانوں کو بھی امداد میں شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے