اتحادی جماعتوں اور خاص طور پر مسل لیگ ق کے ساتھ اختلافی امور بات چیت اور افہام و تفہیم سے حل کرنے پر اتفاق کرلیا گیا
سیاسی ماحول کو بہتر بنانے اور کشیدگی میں کمی کیلئے اسحاق ڈار کو ٹاسک سونپ دیا گیا:شہباز شریف ، نواز شریف ملاقات کی اندرونی کہانی
لاہور(آئی این پی )پاکستان مسلم لیگ ن نے سیاسی ٹکرا ئو اور محاذ آرائی کی پالیسی نہ اپنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اتحادی جماعتوں بالخصوص ق لیگ کے ساتھ اختلافی امور بات چیت اور افہام و تفہیم سے حل کرنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ سیاسی ماحول کو بہتر بنانے اور کشیدگی میں کمی کیلئے اسحاق ڈار کو ٹاسک سونپ دیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف کے درمیان گزشتہ روز لاہور میں ہونے والی اعلی سطح کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات کا بنیادی مقصد ملک میں جاری سیاسی تنائو میں کمی لانا اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کرنا تھا، ملاقات میں ملکی معیشت، انتظامی امور اور پارٹی کی آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کی ملاقات میں اس بات پر مکمل اتفاق رائے پایا گیا کہ سیاسی ٹکرائو اور محاذ آرائی کی پالیسی کو ختم ہونا چاہیئے، حکومت کو اپنی کارکردگی، عوامی فلاح و بہبود اور ملکی ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور توجہ مرکوز کرنی چاہیئے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کے سیاسی ماحول کو بہتر بنانے، اپوزیشن اور دیگر فریقین کے ساتھ رابطے بحال کرنے اور کشیدگی میں کمی لانے کے لئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے، انہیں ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ سیاسی سطح پر ڈیڈلاک کو ختم کرنے کیلئے تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ بات چیت کا آغاز کریں اور سیاسی استحکام کے لیے عملی اقدامات کریں۔