معاہدہ نہ کیا تو ایران کے 38 پل نشانے پر ہیں:ٹرمپ

تاریخ کے سب سے بڑے بحری محاصرے سے  ایران میں بہت کم چیزیں داخل ہورہی ہیں
 امریکی عوام میں اسرائیل کیلئے شدید ناپسندیدگی پائی جاتی ہے‘جلد چین کا دورہ کروں گا
واشنگٹن(آئی این پی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ  ایران کیخلاف ٹاسک فورس آئرن گیٹ  مکمل طور پر فعال اور نافذ العمل ہے،   امریکی عوام میں اسرائیل کے لئے شدید ناپسندیدگی پائی جاتی ہے۔ایک انٹرویو میں    امریکی صدر نے کہا تاریخ کے سب سے بڑے بحری محاصرے کے باعث ایران میں بہت کم چیزیں داخل ہورہی ہیں اور بہت کم چیزیں باہر نکل رہی ہیں۔ٹرمپ نے خبردار کیا کہ ضرورت پڑنے پر فوجی کارروائی سے گریز نہیں کریں گے۔ ان کے بقول امریکی حملوں میں ایران کو پہلے ہی شدید نقصان پہنچایا جاچکا ہے اور اس کی معاشی و عسکری صورتحال کمزور ہوچکی ہے۔انہوں نے ایران کو ناکام ہوتی ہوئی ریاست قرار دیتے ہوئے دعوی کیا کہ وہاں مہنگائی کی شرح 301 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکی فوج خطے میں کسی بھی ممکنہ کارروائی کے لیے تیار ہے اور تین امریکی طیارہ بردار بحری جہاز مکمل طور پر ہتھیاروں سے لیس ہیں۔ٹرمپ نے دعوی کیا کہ امریکی فوج نے ایران کے 38 پلوں کی نشاندہی کر رکھی ہے جنہیں ایک گھنٹے کے اندر تباہ کیا جاسکتا ہے، تاہم وہ ایسا نہیں کرنا چاہتے کیونکہ ان کی دوبارہ تعمیر میں تقریبا 10 سال لگ سکتے ہیں۔امریکی صدر نے واضح کیا کہ ایران کے ساتھ کسی بھی معاہدے کی مضبوطی ہی اس بات کا تعین کرے گی کہ خطے میں کشیدگی کم ہوتی ہے یا دوبارہ فوجی کارروائی کی نوبت آتی ہے