ٹرمپ ایرانی ہیکرز کے نشانے پر، قریبی حلقے کی ای میلز لیک کرنے کی دھمکی

سائبر حملے ناقابلِ معافی ، ملوث افراد کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی،امریکی اٹارنی جنرل پم بانڈی
 واشنگٹن (آئی این پی )ایران سے منسلک ہیکرز کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھیوں کی مزید ای میلز لیک کرنے کی دھمکی دے دی گئی ہے۔ غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق رابرٹ نامی ہیکرز گروپ کا کہنا ہے کہ ان کے پاس تقریباً 100گیگا بائٹس کا حساس ڈیٹا موجود ہے جس میں وائٹ ہائوس چیف آف سٹاف سوزی وائلز، ٹرمپ کی وکیل لنڈسے ہیلیگن، مشیر راجر سٹون اور سابق فحش اداکارہ سٹورمی ڈینیئلز کی ای میلز شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ہیکرز نے کہا کہ وہ اس مواد کی فروخت پر غور کر رہے ہیں تاہم انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ امریکی اٹارنی جنرل پم بانڈی نے اس سائبر حملے کو ناقابلِ معافی قرار دیا ہے جبکہ ایف بی آئی ڈائریکٹر کاش پٹیل نے خبردار کیا ہے کہ قومی سلامتی پر حملے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔امریکی سائبر سکیورٹی ایجنسی سی آئی ایس اے نے اس واقعے کو ڈیجیٹل پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک منصوبہ بند بدنامی کی مہم ہے جس کا مقصد صدر ٹرمپ اور ان کے قریبی افراد کو بدنام کرنا ہے۔