امریکہ کا قشم جزیرے پر حملہ ،رہائشی علاقے اور انفراسٹرکچر محفوظ رہے

آبنائے ہرمزکے جنوب میں نیوگیشن ایڈ سسٹم تباہ کردیا‘  تیل کی سمگلنگ  روک دی: پاسداران انقلاب
تہران(آئی این پی )  ایران کے صوبہ ہرمزگان کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ امریکہ نے قشم جزیرے کے حدود میں بعض مقامات کو نشانہ بنایا ہے  تاہم ان حملوں سے رہائشی علاقوں یا انفراسٹرکچر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہرمزگان کے سیاسی و سکیورٹی امور کے نائب گورنر احمد نفیسی نے کہا کہ جن مقامات کو نشانہ بنایا گیا وہ رہائشی اور تجارتی علاقوں سے باہر واقع تھے، اور جزیرے کے اہم تنصیبات کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔ ایرانی پاسداران انقلاب فورس کی بحریہ کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں موجود جہاز رانی کیلئے  معاون نظام کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ ایرانی میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاسداران انقلاب کے عہدیدار نے بتایا کہ نیوگیشن ایڈ سسٹم تباہ کرنے کے بعد گذشتہ رات کوئی بھی جہاز آبنائے ہرمز میں غیر مجاز راستے سے نہیں گزر سکا۔    اس کارروائی کے نتیجے میں مذکورہ راستے سے تیل کی مبینہ اسمگلنگ کا سلسلہ مکمل طور پر رک گیا ہے۔ ادھر امریکا نے فوری طور پر اس دعوے پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔