حملے سے 30 گائوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہوئی، اس کے سنگین نتائج برآمدہو سکتے ہیں
تہران (آئی این پی) ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا امریکا نے جزیرہ قشم میں صاف پانی کے پلانٹ پر حملہ کرکے جرم کا ارتکاب کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے امریکا پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے قشم جزیرے پر واقع پانی صاف کرنے والے ایک پلانٹ کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 30 گائوں میں پینے کے پانی کی فراہمی متاثر ہوگئی ہے۔عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا نے صاف پانی کے پلانٹ پر حملہ کرکے ایک نیا اور سنگین جرم کیا ہے، یہ حرکت ایک غمناک اور مایوس کن اقدام ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس حملے سے ایران کے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے اور اس کے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں۔ عراقچی نے امریکا پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے انفراسٹرکچر پر حملے ایک خطرناک حرکت ہے جس کے سنگین نتائج ہوں گے، اور یہ عمل امریکا نے شروع کیا ہے نہ کہ ایران۔