دہشت گردوں نے جان بوجھ کر مساجد کو اپنے ٹھکانوں کے طور پر استعمال کیا، جہاں وہ دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کرنے کے علاوہ مبینہ طور پر تشدد کے مراکز بھی چلا رہے تھے:آئی ایس پی آر
مساجد کو دہشت گردی کے لئے استعمال کرنا اسلام کی بنیادی تعلیمات کی صریح خلاف ورزی ہے‘دہشت گردوں کا یہ عمل مقدس مقامات کی کھلی بے حرمتی ہے:صدر‘وزیراعظم کے بیانات
راولپنڈی(آئی این پی‘آن لائن )سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کرتے ہوئے دہشت گردوں کے دو ٹھکانوں کا خاتمہ کردیا ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق 8 نومبر 2026 کو سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی کے جنوبی مضافات میں واقع گائوں موزک میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا، جس کا ہدف مبینہ طور پر بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ٹھکانے تھے۔آپریشن کے دوران خوارج کی جانب سے مساجد میں قائم کئے گئے دہشت گردوں کے دو ٹھکانوں کو کلیئر کیا گیا، اس کارروائی کے دوران پہلے سے تیار شدہ دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات، دھماکہ خیز مواد تیار کرنے کا سامان، اسلحہ اور بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا گیا۔دہشت گردوں نے جان بوجھ کر مساجد کو اپنے ٹھکانوں کے طور پر استعمال کیا، جہاں وہ دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کرنے کے علاوہ مبینہ طور پر تشدد کے مراکز بھی چلا رہے تھے۔دریں اثناء صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مساجد کو بارودی مواد ذخیرہ کرنے اور تشدد کے مراکز کے طور پر استعمال کرنا اسلام کی بنیادی تعلیمات کی صریح خلاف ورزی ہے، دہشت گردوں کا یہ عمل مقدس مقامات کی کھلی بے حرمتی ہے۔ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے آپریشن کے دوران مساجد میں قائم دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بارودی مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور کامیابی کو سراہا۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے مقدس مقامات کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرنا انتہائی قابل مذمت ہے۔ مساجد عبادت اور امن کے مراکز ہیں، انہیں دہشت گردی اور تشدد کی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنا اسلامی تعلیمات کے منافی ہے