صوبہ پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے یومِ عالمی سائنس و ٹیکنالوجی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ترقی اور امن کا راز سائنس اور ٹیکنالوجی میں مضمر ہے۔
انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ سائنس، ٹیکنالوجی اور سائنسی علوم میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں تاکہ ملک کی خوشحالی، امن اور ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ سائنس کی اہمیت کا شعور بیدار کرنے کے لیے ہر سال یہ دن منایا جاتا ہے تاکہ روزمرہ زندگی میں سائنس کے کردار کو سمجھا جا سکے اور امن و سکون کے لیے سائنس کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو ترقی اور امن کے لیے سائنس میں پیش رفت اور تحقیق سے آگاہ رہنا ضروری ہے، اور حکومت پنجاب طلبہ کو سائنسی ریسرچ سے استفادہ کرنے کی ترغیب دے رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، اور سائنسی علوم کے شعبوں میں مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی اور سائنس و ٹیکنالوجی کا انقلاب لانے والی دیگر منصوبے، جیسے کینسر انسٹیٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر اور آٹزم سکول اینڈ ریسرچ سینٹر، سائنسی ریسرچ کو فروغ دینے کے لیے اہم قدم ہیں۔
مزید برآں، مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف میڈیکل سٹی میں میڈیکل سائنس ریسرچ پر خاص توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں پہلی بار سرکاری سکولوں میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک منفرد شو کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ نے جدید ماڈلز پیش کیے۔خصوصاً، رجن پور کے ایک طالبعلم نے وائی فائی سے 100 گنا تیز لائی فائی کا ماڈل پیش کر کے سب کو حیران کیا۔ انہوں نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں ترقی امن اور سلامتی کے قیام کے لیے نہایت ضروری ہے۔مریم نواز نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب تعلیم، صحت، اور زراعت سمیت دیگر شعبوں میں جدید سائنسی خطوط اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اپنانے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ٹیکنالوجی اور سائنسی علوم میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں، کیونکہ پنجاب اب آئی ٹی اور سلیکون ویلی کے انقلاب کی جانب گامزن ہے۔