پاک فوج نے بھارت کو شدید نقصان پہنچایا:صدر آزاد کشمیر

 پاک فوج نے بھارت کو شدید نقصان پہنچایا:صدر آزاد کشمیر

اسلام آباد: صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پاک فوج نے بھارت کے حملوں کا بھرپور جواب دیا اور ملکی سرحدوں کی حفاظت کے دوران بھارت کو شدید نقصان پہنچایا، جس سے بھارت کا غرور خاک میں مل گیا۔

انہوں نے یہ بات حلقہ سماہنی سے سابق امیدوار اسمبلی چوہدری رزاق سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں چوہدری رزاق نے صدر آزاد کشمیر کو سماہنی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر شہری آبادیوں کو نشانہ بنا رہا ہے اور معصوم شہریوں کو بمباری کر کے شہید کر رہا ہے۔

عالمی برادری کو بھارت کی اس جارحیت پر نوٹس لیتے ہوئے بھارت کو اس پر قابو پانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت کی فسطائیت اور جنگی جارحیت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے ہندوتوا نظریے اور کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرے تاکہ خطے میں امن قائم ہو سکے