ایران سے جنگ نے ہمیں نقصان پہنچایا، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اعتراف

ایران سے جنگ نے ہمیں نقصان پہنچایا، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اعتراف

 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعتراف کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال نے امریکی سیاست اور معیشت پر اثرات مرتب کیے ہیں، تاہم انہوں نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد تہران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنا تھا۔

امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران کے خلاف جنگ کو مزید وسعت دینے کے خواہاں نہیں اور فی الحال بڑے پیمانے پر نئی فوجی کارروائی کی ضرورت محسوس نہیں کرتے۔ ان کے مطابق ایران کے جوہری پروگرام کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے حملوں کے نتائج مستقبل میں سامنے آئیں گے اور تاریخ اس فیصلے کو درست ثابت کرے گی۔ ٹرمپ نے انٹرویو میں ریپبلکن پارٹی کو وسط مدتی انتخابات میں ہونے والے نقصان کی وجوہات پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج پر ایران جنگ، پٹرول اور ایندھن کی بڑھتی قیمتوں، اسرائیل کے خلاف پائے جانے والے جذبات اور امیدواروں کے حوالے سے ووٹروں کی عدم دلچسپی جیسے عوامل نے اثر ڈالا۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ووٹرز جنگ اور اس کے معاشی اثرات سے مطمئن نہیں تھے۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے نے عوامی سطح پر مشکلات پیدا کیں، تاہم وہ اپنی انتظامیہ کی ایران پالیسی کو درست سمجھتے ہیں۔ 
دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا کے ساتھ جاری تنازع سفارتی ذرائع سے حل کرنے کے لیے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔ ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق ان کا کہنا ہے کہ تہران باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر امریکا سے بات چیت کرنا چاہتا ہے۔مسعود پزشکیان نے کہا کہ اگر مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ایران کے حقوق کا تحفظ ممکن ہو تو جنگ میں الجھنے کے بجائے بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنا زیادہ مناسب ہے۔ ان کے مطابق ایران تنازع کا باوقار اور پُرامن حل چاہتا ہے۔ایرانی صدر نے تاہم واضح کیا کہ مذاکرات کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے اور ایران کسی دباؤ، دھمکی یا زبردستی کے سامنے سر نہیں جھکائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کے لیے باہمی احترام اور قومی حقوق کو تسلیم کرنا ضروری ہے۔