وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کی جوابی دفاعی کارروائی نے بھارت کی طاقت کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کا خیال تھا کہ پاکستان کو دباؤ میں لا کر اپنی شرائط پر بات ماننے پر مجبور کر لیا جائے گا، لیکن اس کے برعکس بھارت کی طاقت کا غرور بری طرح ناکام ہوگیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی ساکھ پر سوالات اٹھ چکے ہیں، اور حالیہ صورت حال میں پاکستان نے جنگ کی طرف جانے کے بجائے جنگ کو روکنے والی حکمت عملی اختیار کی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اگر بات چیت کا عمل جاری رکھا گیا تو اس سے کئی مسائل کے حل کے راستے نکل سکتے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی بات چیت میں سندھ طاس معاہدہ، کشمیر کا مسئلہ اور دہشت گردی جیسے اہم مسائل پر بھی بات کی جائے گی۔