وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر 50 ہزار سے زائد رضا کاروں کی ایمرجنسی ٹریننگ مکمل، صوبہ بھر میں فرضی مشقیں جاری

وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر 50 ہزار سے زائد رضا کاروں کی ایمرجنسی ٹریننگ مکمل، صوبہ بھر میں فرضی مشقیں جاری

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبہ بھر میں ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے تحت ایمرجنسی سے نمٹنے کی تربیتی مشقیں جاری ہیں۔

 48 گھنٹوں کے دوران 50 ہزار سے زائد رضا کاروں نے کمیونٹی ایمرجنسی تیاری اور رسپانس ٹریننگ (CERT) مکمل کر لی ہے۔ریسکیو 1122 کے تحت منعقدہ اس تربیتی مہم کی نگرانی سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے کی۔ چار گھنٹے دورانیے پر مشتمل اس پروگرام میں شرکاء کو ہنگامی حالات میں بروقت اقدامات، ابتدائی طبی امداد، میڈیکل کٹ کے استعمال، خون کے بہاؤ کو روکنے، فریکچر مینجمنٹ، اور سی پی آر (Cardiopulmonary Resuscitation) کی مکمل عملی تربیت دی گئی۔ٹریننگ کے دوران ٹرائی ایج ڈرلز بھی کی جا رہی ہیں تاکہ کسی بڑے سانحے کی صورت میں ترجیحی بنیادوں پر متاثرین کی درجہ بندی اور فوری مدد ممکن ہو سکے۔ یہ تربیت اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور کمیونٹی مراکز میں دی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس اقدام کو عوامی فلاح کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا اور کہا کہ ’’ٹریننگ کا مقصد عوام کو ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے قابل بنانا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ، اساتذہ، سرکاری ملازمین اور مختلف مکاتب فکر کے افراد کو شامل کرکے ایک محفوظ اور تیار قوم کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔انہوں نے اس موقع پر عوام پر زور دیا کہ وہ رضاکارانہ طور پر اس پروگرام کا حصہ بنیں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں قیمتی جانیں بچائی جا سکیں۔