فصلوں کی باقیات کو آگ ، نئی فورس تعینات

لاہور ( کرائم رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے حوالے سے دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ موٹر وے اور ملتان روڈ کی خاص اہمیت کی حامل جگہوں پر فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کیلئے نئی فورس کو تعینات کیا جائے اور ڈرون کے ذریعے اس کی مانیٹرنگ کی جائے۔سماعت کے دوران عدالت نے برہمی کا اظہار اور نشاندہی کی کہ اب بھی موٹر وے اور ملتان روڈ پر فصلوں کی باقیات کو جلایا جا رہا ہے، عدالت نے ریمارکس دئیے کہ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی(ای پی اے)نے بڑی فورس تو بنا لی ہے مگر وہ فورس کہاں کھڑی کی گئی ہے؟ وہ بڑی بڑی گاڑیاں کہاں ہیں جو دی گئی ہیں؟ ۔متعلقہ محکموں کے افسروں نے اپنی رپورٹس پیش کیں ، عدالت نے کیس کی سماعت آئندہ جمعہ کے روز تک ملتوی کردی۔