نمازِ جمعہ کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات

لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی دارالحکومت لاہور میں ممکنہ دہشتگردی کے خدشے کے پیش نظر نمازِ جمعہ کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر شہر بھر کی 5059 مساجد کے اطراف سکیورٹی بڑھا تے ہوئے حساس مقامات پر سنائپرز تعینات کئے گئے۔سپروائزری افسران نمازِ جمعہ کے سکیورٹی کاجائزہ لینے کیلئے خود فیلڈ میں موجود رہے۔ تمام داخلی و خارجی راستوں، مرکزی شاہراؤں اور چوکوں پر سکیورٹی ہائی الرٹ رہی جبکہ بغیر چیکنگ کسی بھی گاڑی کو چیکنگ کی اجازت نہ دی گئی۔ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور دیگر پٹرولنگ یونٹس کی مسلسل گشت جاری رہی جبکہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو مساجد سے مناسب فاصلے پر پارک کروایا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا سامنا ایک بزدل دشمن سے ہے جو عبادت گاہوں کو نشانہ بنا رہا ہے، اس لیے شہری مشکوک افراد اور حرکات پر نظر رکھیں۔ کسی بھی خطرے کی صورت میں فوراً 15 پر اطلاع دیں۔