بھارت :میڈیا پر من گھڑت خبروں ، جھوٹے دعوئوں کا طوفان

پاکستان کے کئی شہروں ،لاہور اورملتان کی بندرگاہوں پرقبضہ کی خبریں چلادیں
ایک شخص مرگیا ،پھر جنازہ پڑھانے لگا ، انڈیا کامیڈیا عوام کا خطرناک دشمن قرار
 نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان کیساتھ کشیدگی کے دوران بھارت کے الیکٹرانک و سوشل میڈیا پر من گھڑت خبروں اور جھوٹے دعوئوں کا طوفان برپا ہے،انڈیا کے ٹی وی چینلز نے پاکستان کے مختلف شہروں کو فتح کرنے کی خبریں بھی نشر کردیں ،انڈیا کے نیوز ٹی وی کے بڑے نام جہاں غلط معلومات پھیلانے میں مصروف رہے وہیں کچھ صحافی اور یوٹیوبرز ایسے بھی ہیں جنہوں نے اس مس انفارمیشن کی نہ صرف تردید کی بلکہ صارفین کو ایسے چینلز اور سوشل میڈیا ہینڈلز کو بائیکاٹ کرنے کی تجویز دی ہے۔ مودی سرکار کو اپنی ہی عوام کو بے وقوف بنانے کیلئے فیک نیوز اور پراپیگنڈے کا سہارا لینا پڑا، جس پر پاکستانیوں نے بھی بھارت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سوشل میڈیا پر میمز کی بھرمار کردی۔ بھارتی میڈیا پر کراچی پورٹ ٹرسٹ کی تباہی سے لیکر پاکستانی ایف 16 کو گرانے اور پاکستان کی جانب سے عالمی اداروں سے مالی امداد طلب کرنے کی جھوٹی خبریں چلائی گئیں۔پاکستانی سوشل میڈیاصارفین نے میمز شیئرکرتے رہے اور لکھاکہ بھارتی ذرائع ابلاغ سے معلوم ہوا کہ چیچہ وطنی میں انٹرنیشنل ائیرپورٹ بھی ہے ، ملتان اورلاہور میں بندرگاہیں ہیں جہاں بھارتی نیوی قدم جماچکی ہے ، ہمیں آج پتہ چلا کہ ملتان اورلاہور میں سمندر بھی ہے۔ بھارتی چینلز نے دعویٰ کیا کہ بھارتی حملے میں مبینہ شدت پسند "عبدالرئوف اظہر" مارا گیا ہے۔ تاہم چند گھنٹے بعد یہی میڈیا رپورٹ کرنے لگا کہ "عبدالرئوف اظہر نے جنازے کی امامت کی"۔ پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے طنزیہ انداز میں سوال کیا کہ کیا بھارتی میڈیا اب آخرت سے بھی براہِ راست خبریں نشر کرنے لگا ہے؟۔ انڈین یوٹیوبر دھرو راٹھی نے انڈین میڈیا کو تنقید کا نشانہ بنایا اور جھوٹے پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا۔ ا نہوں نے گبر سنگھ نامی ایک ایکس اکائونٹ کی چند پوسٹیں شیئر کیں جن میں وہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی کے حوالے سے غلط خبریں رپورٹ کر رہے تھے،جس پر یوٹیوبر نے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے لکھا کہ یہ ہے جو گودی میڈیا آپ کے ساتھ کرتا ہے۔ ایک صارف اموک نے میجر گورو آریہ کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انڈین میڈیا نے اپنی کوریج میں سرکس لگا رکھا ہے۔زی ٹی وی نے رات کی تاریکی میں کراچی، آج تک نے لاہور اور ری پبلک نے نیویارک پر قبضہ کر لیا تھا پھر صبح اٹھ کر انہیں سب کچھ واپس کرنا پڑا۔یوٹیوبر نتیش راجپوت نے تنقید کرتے ہوئے لکھا اگر ٹی وی چینل دکھائیں گے کہ باہر بارش ہو رہی ہے تو میں اپنی سن گلاسز ڈھونڈوں گا۔محقق اور پروفیسر اشوک سوین نے لکھا کہ انڈین میڈیا انڈیا کے عوام کا سب سے خطرناک دشمن ہے۔فلم سٹار سوناکشی سنہا نے انڈین میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ میں تو ان ٹی وی چینلز کی شعبدے بازی سے تھک گئی ہوں، ہمارے نیوز چینلز مذاق ہیں۔اشیش سنگھ نے انڈین نیوز چینل آج تک کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اینکر کی جانب سے غلط خبریں نشر کرنے پر معافی مانگی۔اسی طرح سے سوشل میڈیا پر ایک اور فیک نیوز بھی وائرل رہی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انڈیا نے پاکستانی جہازمار گرائے ہیں اور کیپٹن قاسم علی شاہ اور کمانڈر چاہت فتح علی خان کو انڈین حکام نے حراست میں لے لیا ہے۔