کراچی :سندھ حکومت کے دعوئوں کے باوجود شہرکے 7مقامات پر دھرنے جاری

 جن لوگوں نے سرکاری املاک کو آگ لگائی ان کیخلاف کارروائی ہوگی ،ترجمان حکومت سندھ سعدیہ جاوید  
کراچی (آئی این پی )خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں ہونے والی امن و امان کی صورتحال کو لے کر کراچی میں مذہبی جماعتوں کی جانب سے 7مقامات پر دھرنے جاری ہیں۔ٹریفک پولیس کے مطابق نمائش چورنگی ٹریفک کے لیے مکمل بند ہے تاہم گرومندر سے نمائش آنے والا روڈ ٹریفک کے لیے کھلا ہے، ابوالحسن اصفہانی روڈ عباس ٹائون روڈ مکمل بند ہے۔ٹریفک پولیس کے مطابق کامران چورنگی سے موسمیات آنے اور جانے والا روڈ مکمل بند ہے، واٹرپمپ سے انچولی جانے والا روڈ ٹریفک کے لیے بند ہے جبکہ سہراب گوٹھ سے واٹرپمپ جانے والا روڈ کھلا ہے، یونی ورسٹی روڈ پرسفاری پارک کے قریب بھی دھرنا جاری ہے۔اس کے علاوہ گلبائی پراچا چوک ٹریفک کے لیے بند ہے، شاہراہ اورنگی ٹائون پونے پانچ سے بنارس آنے والا روڈ بند ہے جبکہ بنارس سے اورنگی ٹائون پونے پانچ جانے والا روڈ کھلا ہے۔ ترجمان حکومت سندھ سعدیہ جاوید نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے سرکاری املاک کو آگ لگائی ہے ان کیخلاف کارروائی ہوگی، پولیس پر حملہ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر کریں گے، کسی کو بھی انتشار کی اجازت نہیں دی جائے گی، دوسری پارٹی سے بھی حکومت بات کر رہی ہے، سمجھایا جا رہا ہے۔