چپڑار اور بجوات سکیٹر بھار ت کی بلااشتعال فائرنگ ،پاکستان کا بھرپور جواب
کئی جگہ بلیک آئوٹ ،لاہور میں رینجرزاورشہریوں نے بھارتی ڈرون کو ماربھگایا
سیالکوٹ ،لاہور(خصوصی رپورٹ)ورکنگ باونڈی کے چپڑار سیکٹر اور بجوات سکیٹر پر بھارت کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پاکستانی فورسز بھرپورجوابی کارروائی کررہی ہیں۔ورکنگ بائونڈری پر 10 کلومیٹر کے اندر قائم دیہات کو خالی کروالیا گیا ،سرحدی دیہاتوں اور شہری علاقوں میں بلیک آئوٹ اورسیالکوٹ ائیر پورٹ پر فضائی آپریشن کئی گھنٹے معطل رہا ،شہر میں جنگی صورتحال کے پیش نظر مشقیں کی گئیں اور ہنگامی سائرن بجائے گئے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت نے رات کی تاریکی میں چپڑار سیکٹر اوربجوات سیکٹر کے دیہاتی علاقوں پر چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سے فائرنگ کی ،پاکستانی سکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی سے بھارتی بندوقیں خاموش ہوگئیں۔ ضلع سیالکوٹ اور نارووال کی مقبوضہ جموں کشمیر سے ملحقہ 90 میل طویل ورکنگ بائونڈری پرپاکستانی حدود میں 10کلومیٹر کے اندر قائم دیہاتوں کو کسی بھی بھارتی جنگی جارحیت سے محفوظ رکھنے کے لئے خالی کروالیا گیا ہے اور سرحدی علاقوں سمیت سیالکوٹ شہر میں رات کے وقت بلیک آئوٹ کیا جارہاہے۔سیالکوٹ ائیر پورٹ پر گزشتہ روز کئی گھنٹے تک فضائی آپریشن معطل رہا تاہم شام کے وقت ائیر پورٹ کو پروازوں کی آمدورفت کیلئے کھول دیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ سیالکوٹ نے شہر ی علاقوں کے رہائشیوں کے لئے جنگی صورتحال کے پیش نظر موک ایکسر سائز کیں اور کئی مقامات پر سائرن بجائے گئے۔ لاہور میں رینجرز اور مقامی شہریوں نے بروقت فائرنگ کرکے بھارتی ڈرون کو واپس بھاگنے پر مجبور کر دیا،واقعہ کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی جس میں دیکھا جاسکتاہے کہ بیدیاں روڈ کے قریب بھارتی ڈرون پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا کہ رینجرز اور مقامی شہریوں نے فائرنگ کردی۔