4 دیہات خالی کرنے کے نوٹس جاری دہشتگردوں کے سروں کی قیمت مقرر

 14 دہشت گردوں کے سروں کی قیمت 13 کروڑ 30 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، امدادی قافلے پر فائرنگ کرنیوالے دس دہشت گردوں گرفتار
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبرپختونخوا کے محکمہ داخلہ نے کرم میں دہشت گردوں کے سروں کی قیمت مقرر کردی۔اعلامیے کے مطابق 14دہشت گردوں کے سروں کی قیمت 13 کروڑ 30 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔محکمہ داخلہ کے مطابق دہشت گرد کاظم کے سر کی قیمت 3 کروڑ، دہشت گرد امجد کے سر کی قیمت 2 کروڑ روپے جبکہ دہشت گرد مکرم کی قیمت ایک کروڑ 50 لاکھ روپے مقرر کی گئی۔دہشت گرد نور اللہ، درویش، عثمان اور سیف اللہ کے سروں کی قیمتیں 10، 10 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہیں۔دوسری جانب لوئرکرم کے چار دیہاتوں کے لوگوں کو علاقہ چھوڑنے کے نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں اور اوچت، مندوری، داد کمر اور بگن میں لوگوں کو علاقہ خالی کرنے کیلئے اعلانات کیے گئے۔ذرائع کے مطابق لوئر کرم سے 6 خاندان بدھ کے روز نقل مکانی کرکے ہنگو پہنچے۔اس حوالے سے حکومت خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ اوچت، مندوری، داد کمر اور بگن دیہاتوں کو خالی کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور چاروں دیہاتوں کو خالی کرانے کا مقصد عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے، دیہات کو خالی کروا کے سرچ آپریشنز کیے جائیں گے۔اْدھر کرم کے علاقے اوچت میں امدادی قافلے پر فائرنگ کرنے والے دس دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔