لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس رحیم یار خان نے کچہ کے علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے دو روز قبل اغوا ہونے والے دو شہریوں کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ تھانہ احمد پور لمہ کی حدود سے نبیل اور حسنین نامی شہریوں کو مسلح ملزمان نے دو روز قبل اغوا کیا تھا۔ واقعہ کا مقدمہ تھانہ احمد پور لمہ میں درج کیا گیا تھا۔رحیم یار خان پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے کچہ کے علاقے میں کامیاب آپریشن کے دوران اغوا کار ابراہیم ماچھی کو گرفتار کرلیا اور مغویوں کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مغوی شہریوں کی بحفاظت بازیابی اور اغوا کار کی گرفتاری پر رحیم یار خان پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور شاباش دی۔