بھارتی جارحیت کا جواب دینا ہمارا حق ہے، ہم نے صرف فوجی اہداف کو نشانہ بنایا: عطااللہ تارڑ

بھارتی جارحیت کا جواب دینا ہمارا حق ہے، ہم نے صرف فوجی اہداف کو نشانہ بنایا: عطااللہ تارڑ

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطااللّٰہ تارڑ نے بھارت کی حالیہ اشتعال انگیزیوں پر دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمے دار ریاست کے طور پر طویل عرصے سے تحمل کا مظاہرہ کرتا رہا، لیکن مسلسل بھارتی حملوں کے بعد ہم نے اپنے دفاع کا حق استعمال کیا اور صرف فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔

غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے تحت جوابی کارروائی کی اور دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ہم اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ "بھارت ہمیشہ سویلین آبادی کو نشانہ بناتا رہا ہے، جبکہ پاکستان نے صرف فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔"عطا تارڑ نے دعویٰ کیا کہ بھارت نے امرتسر کو خود ہی نشانہ بنایا تاکہ پاکستان پر الزام لگایا جا سکے، جو کہ قابل مذمت اور شرمناک چال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بین الاقوامی برادری کے ساتھ سفارتی سطح پر رابطے میں ہیں اور اپنی سرحدوں کے دفاع کے لیے ہمہ وقت چوکس ہیں۔

پہلگام واقعے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ یہ علاقہ لائن آف کنٹرول سے 200 کلومیٹر سے زائد فاصلے پر واقع ہے، اور بھارت کے پاس پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔ “ہم نے پہلگام واقعے کی شفاف اور مشترکہ تحقیقات کی پیشکش کی تھی، مگر بھارت نے واقعے کے صرف 10 منٹ بعد ایف آئی آر درج کر کے خود ہی اس کی شفافیت کو مشکوک بنا دیا۔”انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت کی اشتعال انگیزیوں اور غلط معلومات پھیلانے کی مہم کا نوٹس لیا جائے، تاکہ خطے میں امن اور استحکام قائم رہ سکے۔