اشتعال کی صورت میں منہ توڑ جواب دیں گے، امن ہو تو پاکستان تیار ہے: اسحاق ڈار

اشتعال کی صورت میں منہ توڑ جواب دیں گے، امن ہو تو پاکستان تیار ہے: اسحاق ڈار

اسلام آباد:پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے واضح پیغام دیا ہے کہ اگر بھارت امن چاہے گا تو پاکستان بھی تیار ہے، لیکن اگر کسی اشتعال انگیز کارروائی کو دہرایا گیا تو پاکستان بتائے گا کہ انتقامی کارروائی کیا ہوتی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا کہ ان کا امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے رابطہ ہوا ہے جس میں انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ مارکو روبیو نے کہا کہ "یہ صورتحال دنیا افورڈ نہیں کرسکتی، دونوں ملک رابطے بحال کریں اور کسی قسم کی مس کیکولیشن سے بچا جائے۔" انہوں نے ثالثی اور تعمیری بات چیت کی پیشکش بھی کی۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے جوابی کارروائی مکمل کرلی ہے اور اگر بھارت مزید کارروائی سے باز رہا تو ہم بھی حالات کا جائزہ لے کر فیصلہ کریں گے۔ امریکی وزیر خارجہ نے عندیہ دیا کہ وہ بھارتی حکام سے براہ راست اس مسئلے پر بات کریں گے۔ ان رابطوں کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان محدود سطح پر سفارتی رابطے بحال ہوگئے ہیں۔

اسحاق ڈار کے مطابق امریکی وزیر خارجہ سے رابطے کے بعد سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے بھی دو مرتبہ ٹیلی فونک گفتگو کی، جس میں کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ یہ کال ایسے وقت میں کی گئی جب نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس بھی طلب کیا گیا، جو جوہری معاملات سے متعلق پالیسی سازی کرتی ہے۔وزیر خارجہ نے بتایا کہ چھ سے زائد ممالک کے وزرائے خارجہ نے ان سے رابطہ کیا اور جنگ بندی کی اپیل کی، جس پر پاکستان نے واضح کیا کہ حملے میں پہل بھارت نے کی، جبکہ پاکستان کی تمام کارروائیاں صرف جوابی نوعیت کی تھیں۔اسی تناظر میں سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر بھی گزشتہ روز اسلام آباد پہنچے، جہاں انہوں نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ یاد رہے کہ وہ بھارت بھی جا چکے ہیں اور وہاں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے بھی ملاقات ہوئی تھی، جس کے بعد سعودی عرب خطے میں کشیدگی کم کرانے کے لیے اہم سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔

اس دوران پاکستان نے آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کے تحت بھرپور جوابی کارروائی کی، جس میں الفاتح میزائل، ڈرونز اور توپ خانہ استعمال کرتے ہوئے بھارتی فوج کے درجنوں اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کی ویڈیوز بھی جاری کی گئیں جبکہ ڈیجیٹل محاذ پر بھارت کی متعدد سرکاری اور فوجی ویب سائٹس ہیک کر کے سائبر برتری کا مظاہرہ کیا گیا۔ترجمان پاک فوج ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا: "انتظار کرو، جب ہم حملہ کریں گے تو دنیا دیکھے گی" — اور بظاہر وہ لمحہ دنیا نے دیکھ لیا۔