مردان، تخت بھائی اور گرد و نواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس

مردان، تخت بھائی اور گرد و نواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

تفصیلات کے مطابق مردان میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، خاص طور پر تخت بھائی اور گرد و نواح کے علاقوں میں زلزلے کی شدت زیادہ محسوس کی گئی۔ زلزلے کے باعث لوگ گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق صوابی، پشاور اور چارسدہ میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ عوامی حلقوں میں زلزلے کے بعد پریشانی اور تشویش کی فضا دیکھنے میں آئی، تاہم تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔اس سے قبل بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے نواحی علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.5 جبکہ گہرائی 20 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلے کا مرکز کوئٹہ سے 160 کلومیٹر جنوب مغرب میں بتایا جا رہا ہے۔

کوئٹہ میں زلزلے کے بعد بھی لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے، تاہم خوش قسمتی سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ریسکیو اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور متعلقہ محکمے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق آفٹر شاکس کا خدشہ بھی موجود ہے، لہٰذا شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔