عدالت میں عمران خان کی رہائی کیلئے درخواست دیدی ہے ، انصاف کا دامن نہیں چھوڑیں گے ،میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد (ائی این پی) پی ٹی آئی رہنما ممبر قومی اسمبلی ایڈووکیٹ لطیف احمد کھوسہ نے کہا ہے کہ بانی ٹی آئی عمران خان کی زندگی کو بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی، اسٹیبلشمنٹ اور موجودہ حکمرانوں سے خطرہ ہے ۔جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے عدالت میں درخواست جمع کروا دی گئی ہے۔ان کی زندگی کو خطرہ ہے انہیں فوری پیرول پر رہاکیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان امت مسلمہ اور پاکستان کا لیڈر ہے۔اڈیالہ جیل میں ان کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جنگ شروع ہو چکی ہے اب عمران خان کو جیل میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔نو مئی اور 26 نومبر جیسے جھوٹے مقدمات بنا کر عمران خان پر مقدمات بنائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کی زندگی کو کوئی حادثہ پیش آیا تو پورے ملک میں امن قائم نہیں رہ سکے گا۔پاکستان کے 95فیصد لوگ عمران خان کے ساتھ ہیں۔ عمران خان واحد شخصیت ہے جو پاکستان کے 25کروڑ عوام کو یکجا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے اتحادکو اگر ناقابل تسخیر بنانا ہے تو فوری طور پر عمران خان کو رہا کیا جائے۔