پارٹی مفادات کے برعکس فیصلوں کاالزام چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف بانی کو خط لکھنے کا فیصلہ
صحت کی سہولیات سے متعلق میرے بل کیخلاف پارٹی چیئرمین نے آواز بلندکی :ڈاکٹرامجد خان،میرا فیصل آباد میں ہائیکورٹ کا بل تھا اپنے ہی چیئرمین نے مخالفت کی،پارٹی کے رکن بل لاتے ہیں اور بیرسٹر گوہر اس کی مخالفت کر دیتے ہیں،چنگیز خان کاکڑ کاالزام
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے کچھ ارکان نے پارٹی کے بانی کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی ارکان پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کے خلاف بانی پی آئی کو خط لکھیں گے۔ ذرائع کے مطابق پارلیمانی رہنماؤں کا بیرسٹر گوہر پر پارٹی مفادات کے برعکس فیصلوں کا الزام ہے۔ ارکان نے بیرسٹر گوہر کے پارلیمانی امور پر تحفظات کا اظہار کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر پر تحریک انصاف کے ایم این اے ڈاکٹر امجد خان نے سوالات اٹھائے، ڈاکٹر امجد خان نے صحت کی مفت سہولیات کا بل قائمہ کمیٹی میں پیش کیا تھا۔ذرائع کے مطابق ارکان کا الزام ہے کہ بیرسٹر گوہر نے پارٹی کے رکن کے بل کی مخالفت کی۔ ڈاکٹر امجد نے پنجاب اور کے پی اسمبلی سے قرارداد پاس کروانے کی کوشش کی۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر امجد نے آصفہ بھٹو زرداری اور (ن) لیگ کی قیادت سے بھی بل پر رابطہ کیا تھا۔ ڈاکٹر امجد خان نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ میرا بل تیار ہوا لیکن پارٹی چیئرمین نے بل کے خلاف آواز بلند کی۔ ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر خان پر چنگیز خان کاکڑ کی جانب سے بھی تحفظات کا اظہار کیاگیا ہے۔ چنگیز خان کاکڑ نے الزام عائد کیا کہ میرا فیصل آباد میں ہائیکورٹ کا بل تھا کہ اپنے ہی چیئرمین نے مخالفت کی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے رکن بل لاتے ہیں اور بیرسٹر گوہر اس کی مخالفت کر دیتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق خط میں بیرسٹر گوہر کے پارلیمانی رہنماؤں سے مشاورت نہ کرنے پر بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کیا جائے گا۔دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہرکا کہنا ہے کہ پارلیمانی پارٹی کے چند ارکان کے تحفظات درست نہیں۔اس حوالے سے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کے چند ارکان کے تحفظات درست نہیں، پرائیویٹ ممبر بل آئے تو ذاتی رائے دی جاتی ہے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ان معاملات پر قانون سازی کی ضرورت نہیں، پرائیویٹ ممبر بل پر مرضی کے ووٹ دیتے ہیں، لطیف کھوسہ اور میں نے رکن کی مخالفت کی تھی۔