پی ٹی آئی اور (ن)لیگ کے لوگوں کی ہر ہفتے میٹنگ ہونی چاہیے، اسی سے راہ نکلے گی
لاہور( خصوصی رپورٹ) تحریک انصاف کے سینئر رہنما سردار لطیف کھوسہ نیایک انٹرویو میں کہا ہے کہ سپیکر ایاز صادق نے عمران خان سے ملاقات کی یقین دہانی کروائی ہے، ایاز صادق (ن)لیگ کے وہ واحد بندے ہیں جو فارم 47والے نہیں ہیں،نواز شریف نے کہا کہ وہ ان کا احتساب کریں گے جو عمران خان کو لائے، وہ یہ بھی بتائیں کہ انہیں کون کون لایا، وہاں احتساب شروع کریں،اب پھر نواز شریف نے احتساب کی بات چھیڑی ہے کہ جنرل باجوہ کا احتساب کیا جائے، ہم ان کے اس مطالبے کے ساتھ ہیں، حکومت (ن)لیگ کی ہے، ،ان کا مطالبہ کس سے ہے؟۔لطیف کھوسہ نے بتایا کہ سپیکر ایاز صادق نے رانا ثنا اللہ کو کہا کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے کچھ کیا جائے۔ سپیکر ایاز صادق نے یہ بھی کہا کہ مذاکرات کاعمل شروع ہونا چاہیے، تحریک انصاف اور (ن)لیگ کے لوگوں کی ہر ہفتے میٹنگ ہونی چاہیے، اسی سے راہ نکلے گی، انہوں نے یہ بھی کہا کہ آپ عمران خان سے ملاقاتوں کا مطالبہ سفارش کے طور پر رکھ لیں۔