فوج سے اظہار یکجہتی‘جمعیت اہلحدیث کا 10 مئی کو ملک بھر ریلیاں نکالنے کافیصلہ

  سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کی صدارت میں اجلاس ‘ا ہم امور پر مشاورت‘ قراردادیں منظور کی گئیں 
لاہور ( خصوصی رپورٹ)مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ و کابینہ کے مشترکہ ا جلاس میں ملکی، علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا  جبکہ اہم قومی و ملی امورپر متفقہ قراردادیں منظور کی گئیں۔ اجلاس کی صدارت امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کی۔مرکز اہلحدیث راوی روڈ لاہور میں منعقدہ اجلاس میں 10 مئی 2025 کو ہونے والے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کو سراہتے ہوئے اسے افواج پاکستان کی پیشہ وارانہ مہارت، جرات اور بالخصوص فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا گیا۔ شرکاء￿  اجلاس نے اس کامیابی کو ملکی دفاع کے استحکام اور دشمن کے عزائم کی ناکامی سے تعبیر کیا۔اجلاس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں کی مذمت کی گئی۔ ساتھ ہی ایران کی جانب سے خلیجی ممالک، خصوصاً ارض حرمین شریفین سعودی عرب پر حملوں کو ناقابل برداشت، کھلی جارحیت اور امت مسلمہ کے جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے اس کی بھی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اجلاس میں واضح کیا گیا حرمین شریفین کے تقدس اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں۔اس موقع پر امیر جماعت سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعلقات اور معاہدات قابلِ قدر ہیں اور حرمین شریفین کا محافظ ہونا ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔ فیصلہ کیا گیا کہ 10 مئی کو مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان ملک بھر میں افواج پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالے گی۔