بھارت نے تحقیقات کی پیشکش نہ مان کر جارحیت اختیار کی،بھارتی اقدام نے دو جوہری طاقتوں کو آمنے سامنے لاکھڑا کیا ہے
بھارت پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے، عالمی برادری جواب دہ ٹھہرائے:ترجمان شفقت علی خان کی پریس بریفنگ
اسلام آباد(آئی این پی )ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے بھارت نے پاکستان کی جانب سے تحقیقات کی پیشکش نہ مان کر جارحیت کا راستہ اختیار کیا، جس پر جوابی کارروائی کرنا پاکستان کا حق ہے،بھارتی اقدام نے دو جوہری طاقتوں کو آمنے سامنے لاکھڑا کیا ہے، بھارتی جنگی جنون سے خطے کے امن کو خطرہ ہے، بھارت پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے، عالمی برادری جواب دہ ٹھہرائے۔ جمعہ کو ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان دفتر خار نے کہا کہ دنیا بھارت کے جنگی جنون کو سنجیدگی سے لے، بھارتی جنگی جنون سے خطے کے امن کو خطرہ ہے، بھارت نے دنیا کی جانب سے تحمل کی اپیل نظر انداز کرتے ہوئے 7 مئی کی رات جارحیت کا مظاہرہ کیا۔ وزیر اعظم نے مکمل انکوائری کا کہا لیکن بھارت نے جارحیت کا راستہ لیا ۔ ممبئی اور پٹھان کوٹ کی تحقیقات بھارت کی وجہ سے نہیں کی جا سکیں۔ کلبھوشن یادیو بھارت کی انتہا پسندی کی مثال ہے ۔ ہندو انتہا پسندی میں 40 پاکستانی شہید ہوئے ۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ نیلم جہلم ہائڈرو پاور پراجیکٹ کے کچھ حصے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں تباہ ہوئے ۔ پاکستان زرعی ملک ہے۔ بھارتی فیصلے کے اثرات کل کروڑوں لوگوں پر ہوں گے۔ یہ بھارت ہی تھا جو جموں و کشمیر کے معاملے کو اقوام متحدہ لے کر گیا ۔ بھارت مسلسل چھوٹے ہمسایہ ممالک کو دیوار سے لگانے کی کوشش میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا بھارتی جارحیت عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔