فیلڈ مارشل کے صدر بننے کی باتیں بے بنیاد بھارت نے حملہ کیا تو گہرائی میں جا کرجواب دینگے:ترجمان پاک فوج
پاکستان کی فوج آئینی دائرہ کار میں کام کر رہی ہے ‘ اس قسم کی افواہیں صرف سیاسی فضا ء کو خراب کرنے کی کوشش ہے‘ ایسے تجزیے محض قیاس آرائیاں ہیں، ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں
حملے کا جواب دینے کیلئے اس بار ہندوستان کے مشرق سے آغاز کریں گے،بھارت کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے وہ بھی ہر جگہ مارے جا سکتے ہیں: لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا اکانومسٹ کو انٹرویو
اسلام آباد (آن لائن)پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹرجنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے صدر پاکستان بننے کی افواہوں پر دو ٹوک ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے ایسی باتیں جھوٹ کا پلندہ اور بے بنیاد ہیں ۔ برطانوی جریدے دی اکانومسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے بارے میں پاکستان کے صدر بننے کی باتوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی فوج آئینی دائرہ کار میں کام کر رہی ہے اور اس قسم کی افواہیں صرف سیاسی فضا کو خراب کرنے کی کوشش ہے۔ ایسے تجزیے محض قیاس آرائیاں ہیں، ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے بھارت کی ممکنہ جارحیت کے خلاف پاکستان کے دو ٹوک اور جارحانہ ردعمل کا عندیہ بھی دیا اور کہا کہ اگر اس بار بھارت نے حملے کی کوشش کی تو ہم مشرق سے آغاز کریں گے اور دشمن کو اس کی سرزمین پر جواب دیں گے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اب جنگ صرف سرحدوں تک محدود نہیں رہے گی۔ ہم گہرائی میں حملہ کریں گے، اور دشمن کو یہ باور کرائیں گے کہ وہ ہر جگہ مارے جا سکتے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، مگر اس کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اگر کسی قسم کی اشتعال انگیزی کی گئی تو پاکستان بھرپور دفاعی اور جوابی کارروائی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے