کابل (آن لائن) افغانستان میں طالبان حکومت کے تحت خواتین کے حقوق پر عائد سخت پابندیوں کے خلاف افغان خواتین تنظیموں نے یومِ خواتین کے موقع پر کابل میں تاریخی احتجاج کیا۔ مظاہرے میں شریک خواتین نے طالبان حکومت کی پالیسیوں کو خواتین دشمن قرار دیتے ہوئے بنیادی انسانی حقوق کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کا اہتمام افغان ویمنز فریڈم لینٹرن موومنٹ اور افغان ویمنز کرائی موومنٹ نے مشترکہ طور پر کیا، جس میں شریک خواتین نے "روٹی، کام، آزادی" اور "ہمارا دشمن طالبان" جیسے فلک شگاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے کہا کہ طالبان کی انتہا پسندانہ پالیسیوں کے باعث خواتین کی تعلیم، روزگار اور آزادانہ اظہارِ رائے کے حقوق شدید متاثر ہوئے ہیں۔افغان ویمنز فریڈم لینٹرن موومنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ طالبان حکومت کی پالیسیوں نے افغانستان میں خواتین کے حقوق کے بحران کو مزید گہرا اور منظم شکل دے دی ہے۔ تنظیم کے مطابق تعلیم اور روزگار پر پابندیوں نے لاکھوں خواتین کو سماجی اور معاشی عدم تحفظ سے دوچار کر دیا ہے۔