خطے میں کشیدگی کے تناظر میں خارجہ پالیسی سے متعلق تبصروں میں احتیاط برتنا چاہی:وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ

 خطے میں کشیدگی کے تناظر میں خارجہ پالیسی سے متعلق تبصروں میں احتیاط برتنا چاہی:وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے خطے میں جاری کشیدگی کے حوالے سے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی اور دفاعی مؤقف پر غیر ذمہ دارانہ تبصرے خطے کی موجودہ نازک صورتحال میں نقصان دہ ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے پریس کانفرنس میں وزیراطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کے ہمراہ کہا کہ پاکستان نے اپنے دفاع اور سفارتی مؤقف سے متعلق واضح موقف اپنایا ہے اور موجودہ کشیدگی سے پوری دنیا میں تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان نے معاملے کا سفارتی حل نکالنے کی بھرپور کوشش کی ہے اور سلامتی کونسل میں اپنا موقف پیش کیا ہے۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان خطے کے ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں اور خطے کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر دورہ روس ملتوی کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی “ریڈ لائن” کراس کی گئی تو قانون حرکت میں آئے گا۔

وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بعض میڈیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر ذمہ دارانہ ویوز اور بھیڑ چال خارجہ پالیسی کو مقامی سیاست کی نذر کر رہی ہیں، جس سے مسلم ممالک یہ سمجھ سکتے ہیں کہ یہ ریاست کی پالیسی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کو مقامی سیاست اور ذاتی مفادات کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔اس پریس کانفرنس کا مقصد عوام اور میڈیا کو یاد دلانا تھا کہ حساس بین الاقوامی معاملات میں ذمہ دارانہ رویہ اپنانا ضروری ہے تاکہ پاکستان کی سفارتی کوششیں متاثر نہ ہوں اور خطے میں کشیدگی کم کی جا سکے۔