شاندار رمضان پیکیج کے تحت فی خاندان 5 ہزار روپے ملیں گے:وزیراعظم

شاندار رمضان پیکیج کے تحت فی خاندان 5 ہزار روپے ملیں گے:وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان پیکیج کی کامیابی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اس جامع پیکیج کے تحت ہر خاندان کو 5 ہزار روپے ملیں گے۔

 وزیراعظم نے نیشنل ٹیلی کام ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور رمضان 2025 کے مانیٹرنگ سسٹم کا جائزہ لیا، جس میں حکام نے ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے رمضان میں فی خاندان پانچ ہزار روپے کی ادائیگی کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیراعظم نے اس شاندار پروگرام کے تکمیل پر تمام متعلقہ حکام کو مبارکباد دی اور کہا کہ ماضی میں کرپشن کی کہانیاں تھیں، لیکن نئے ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے کرپشن کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کو خیر باد کہنا پڑا کیونکہ وہاں کرپشن کی شکایات عام تھیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ اس پروگرام کی لاگت 20 ارب روپے ہے اور اس کے تحت 40 لاکھ خاندانوں کے 2 کروڑ افراد کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب حکومت نے شفاف طریقے سے کام کیا ہے اور عوام کو ان کی ضروریات کے مطابق خریداری کے لئے پیسے فراہم کیے ہیں۔وزیراعظم نے بینکوں اور آئی ٹی کمپنیوں سے درخواست کی کہ وہ اس مہم میں شریک ہوں اور گورنر اسٹیٹ بینک کو بھی ڈیجیٹل والٹ کے طریقہ کار کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔