کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں موٹر سائیکل سواروں کو سبسڈی فراہم کی جائے گی، جس کے تحت ہر رجسٹرڈ موٹر سائیکل مالک کو ایک ماہ میں 2 ہزار روپے نقد دیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ موٹر سائیکل کی ٹرانسفر بھی مفت کر دی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ اس کے لیے ایکسائز ڈیپارٹمنٹ نے ایک ایپلیکیشن تیار کر لی ہے، جس میں شہری اپنا شناختی کارڈ نمبر درج کر کے رجسٹرڈ موٹر سائیکل کی بنیاد پر سبسڈی حاصل کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں 67 لاکھ موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہیں اور سبسڈی کی رقم 15 دن کے اندر تصدیق کے بعد متعلقہ افراد کو منتقل کر دی جائے گی۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ اگر کسی موٹر سائیکل کی ملکیت اپڈیٹ نہیں ہے تو 15 دن کے اندر ٹرانسفر مکمل کروا لیں۔مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ سبسڈی پیٹرول پمپس پر فی لیٹر 100 روپے کم نرخ کی صورت میں نہیں دی جائے گی بلکہ نقد رقم کی شکل میں براہِ راست فراہم کی جائے گی۔ سبسڈی کی ادائیگی 15 سے 20 اپریل کے درمیان مکمل ہو جائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایران پر جنگ کے اثرات پاکستان پر بھی پڑ رہے ہیں، خاص طور پر چونکہ پاکستان تیل کی درآمدات پر زیادہ انحصار کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیلڈ مارشل اور وزیراعظم جنگ کے خاتمے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں، اور وفاقی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے اور اجلاس بھی منعقد کیے گئے ہیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ گذشتہ تین ہفتوں تک تیل کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کے فیصلے کے فوائد اور نقصانات دونوں تھے، تاہم موجودہ حالات کے پیش نظر حکومت نے متعدد اقدامات کیے ہیں اور سندھ حکومت وفاقی فیصلوں میں مکمل تعاون کر رہی ہے۔