وزیراعظم رمضان پیکیج کی شفاف مانیٹرنگ کے لیے خصوصی کنٹرول روم قائم کرنے کا اعلان

وزیراعظم رمضان پیکیج کی شفاف مانیٹرنگ کے لیے خصوصی کنٹرول روم قائم کرنے کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم نے رمضان پیکیج کے شفاف نفاذ اور مؤثر مانیٹرنگ کے لیے نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی) میں خصوصی کنٹرول روم قائم کر دیا ہے تاکہ رمضان پیکیج کی کارکردگی کو بہتر طریقے سے مانیٹر کیا جا سکے۔

وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ نے این ٹی سی کے کنٹرول روم کا دورہ کیا اور رمضان پیکیج کی مانیٹرنگ کے نظام کا جائزہ لیا۔ اس دوران وزیر آئی ٹی کو رمضان پیکیج کے تحت فراہم کی جانے والی سبسڈی، مانیٹرنگ میکنزم اور عوامی شکایات کے ازالے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔شزا فاطمہ خواجہ کو رمضان پیکیج کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے لیے تیار کردہ پورٹل کے کام کرنے کے طریقہ کار پر بریف کیا گیا۔ اس موقع پر رمضان پیکیج کے تحت قائم کردہ کال سینٹر کی کارکردگی اسکرین پر مانیٹرنگ کے ذریعے دکھائی گئی اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بریفنگ دی گئی۔وزیر آئی ٹی نے ہدایت دی کہ رمضان پیکیج کی مانیٹرنگ کے لیے تیار کردہ پورٹل کو مزید مؤثر اور صارف دوست بنایا جائے تاکہ عوام کو زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے اور رمضان پیکیج کا فائدہ ہر مستحق تک پہنچ سکے۔