پاکستان میں اطالوی سفیر ماریلینا آرمیلین نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ تین برس میں 10,500 پاکستانیوں کو لیبر موبیلیٹی معاہدے کے تحت اٹلی میں روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سال 2025-2026 کے لیے 3,200 پاکستانی طلباء کو اطالوی جامعات میں تعلیم کے لیے وظائف دیے جائیں گے۔اس موقع پر، پاکستان میں اطالوی سفارت خانے کے زیر انتظام 80ویں اٹلی ڈے کا عشائیہ منعقد ہوا جس میں مختلف سفارتی، سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ عشائیہ کا آغاز اٹلی اور پاکستان کے قومی ترانوں سے ہوا۔سفیر ماریلینا آرمیلین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اٹلی امریکہ-ایران تنازع میں پاکستان کے ثالثی کے کردار کی بھرپور حمایت کرتا ہے، اور پاکستان ایک محبت، کشادہ دلی اور احترام سے بھرپور ملک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین میں سب سے بڑی پاکستانی کمیونٹی اٹلی میں مقیم ہے، اور پاک-ایٹلی تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔مہمان خصوصی وزیر مملکت علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے تعلقات 78 سال مکمل کر چکے ہیں، اور دونوں کے مشترکہ اہداف ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاک-ایٹلی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور اطالوی کمپنیاں پاکستان آئیں گی۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے مل کر کیک بھی کاٹا۔