لاہور(کرائم رپورٹر)رمضان المبارک کے دوران لاہور میں سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے سحری اور نماز فجر کے اوقات میں مختلف علاقوں کا سرپرائز دورہ کیا اور مساجد کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے گلشن راوی اور ایل او ایس سمیت مختلف علاقوں میں مساجد کی سیکیورٹی چیک کی۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر کی 5059 مساجد کے لیے خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے، جس کے تحت مساجد کو کیٹیگری اے، بی، اور سی میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر نماز کے وقت پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ سحری و افطار کے دوران بھی سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ شہر میں 15 ہزار تربیت یافتہ شہری رضا کار بھی تیار کیے گئے ہیں جو پولیس کے ساتھ مل کر سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مساجد میں داخلے کے وقت سیکیورٹی چیکنگ کے عمل میں تعاون کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔دوسری جانب، ڈی آئی جی آپریشنز نے پولیس جوانوں کے ساتھ فیلڈ میں افطار کرنے کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے 8 روزہ بھی یادگارِ شہداء مال روڈ پر جوانوں کے ساتھ افطار کیا اور ان کی خدمات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ رمضان کے دوران عوام کے تحفظ کے لیے مستعد پولیس اہلکار ہی اصل طاقت ہیں۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کی خاطر اپنی راحت قربان کرنے والے پولیس جوان ہمارا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔ رمضان المبارک میں سپیشل سیکیورٹی پلان پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔