25 دہشت گردوں نے لکھانی چوکی پر راکٹ لانچرز اور دیگر جدید اسلحے سے حملہ کیا، پولیس کی جوابی کارروائی
لاہور ،ڈیرہ غازی خان ( کرائم رپورٹر ،خصوصی رپورٹ ) پنجاب پولیس نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خیبر پختونخوا سرحد پر خوارجی دہشت گردوں کا ایک اور حملہ پسپا کر دیا۔پولیس ترجمان کے مطابق 24 گھنٹوں میں یہ دوسرا جبکہ رواں ہفتے میں تیسرا بڑا حملہ پسپا کیا گیا۔ترجمان کی جانب سے بتایا گیا کہ خوارجی دہشت گردوں کی تعداد 20 سے 25 تھی جو بھاری اسلحے سے لیس تھے، دہشت گردوں نے راکٹ لانچرز اور دیگر جدید اسلحے کے ساتھ لکھانی چوکی پر حملہ کیا۔پولیس کی جانب سے تھرمل امیج کیمروں سے دہشت گردوں کی بروقت نشاندہی کی گئی اور جوابی کارروائی سے دہشت گرد پسپائی اختیار کر گئے، دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ڈی پی او کا کہنا تھا کہ خوارجی دہشت گرد بزدلانہ حملوں سے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، پنجاب پولیس ہر قیمت پر عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے گی۔ آر پی او نے کہا کہ پولیس فورس کا مورال بلند، دہشت گردوں کا ہر حملہ ناکام بنایا جائے گا، دہشت گردوں کا ہر طرح سے مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔اس حوالے سے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پنجاب پولیس ڈیرہ غازی خان کے بہادر سپوت خوارجی دہشت گردوں کے خلاف مسلسل لڑ رہے ہیں اور دشمن کو پنجاب میں داخل نہیں ہونے دے رہے، انہوں نے مزید کہا کہ ہم دشمن کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔