تمام خوارج افغان شہری ہیں ‘ عمریں 15 سے 18 سال کے درمیان ہیں‘3کے پاس افغان شناختی کارڈ
راولپنڈی(آئی این پی )سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا تے ہوئے پانچ مبینہ خودکش حملہ آور گرفتارکرلئے ۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق 17 جولائی کی شام 5 بجے خوارج نے پاک افغان سرحد سے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز نے اطلاع ملتے ہی پانچ مختلف مقامات پر ناکہ بندی کی، شام 6 بج کر 25 منٹ پر عزیز خیل اور منڈی خیل کی جانب پیش قدمی کی۔فورسز نے پانچ مختلف مقامات پر ناکہ بندی کی اور خوارج کو بیسی خیل کی مسجد میں پناہ لیتے ہوئے گھیر لیا، بہترین حکمت عملی کے باعث فورسز نے مسجد کا فوری محاصرہ کیا، جس کے بعد دہشت گردوں نے ہتھیار ڈال دیئے۔گرفتار ہونے والے تمام خوارج افغان شہری ہیں جن کی عمریں 15 سے 18 سال کے درمیان ہیں، جبکہ تین ملزمان کے پاس افغان شناختی کارڈ بھی موجود ہیں، تمام خوارج کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا