پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے کیمپ لگانے کے فیصلے کی توثیق نہ کی،پنجاب کے ارکان برہم

اڈیالہ جیل کے باہر احتجاجی کیمپ  تحریک انصاف کا یو ٹرن
 سلمان اکرم راجہ کی زیر صدارت پشاور میں پنجاب کی سیاسی حکمت عملی سے متعلق 6گھنٹے اجلاس،اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی، عالیہ حمزہ، حماد اظہر، میاں اسلم اقبال،احمد چٹھہ سمیت دیگررہنماوں کی شرکت،عمر ایوب کا عید کے بعد تحریک تیز کرنے کا اعلان 
 پشاور ،ہری پور( مانیٹرنگ ڈیسک )تحریک انصاف نے عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں میں رکاوٹوں کیخلاف احتجاجی کیمپ لگانے کا فیصلہ موخر کردیا۔ پشاور میں پنجاب کی سیاسی حکمت عملی سے متعلق اجلاس ہوا جس کی صدارت سلمان اکرم راجہ نے کی ،اجلاس میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی، عالیہ حمزہ، حماد اظہر، میاں اسلم اقبال،احمد چٹھہ سمیت دیگررہنماوں نے شرکت کی،مشاورتی اجلاس 6 گھنٹے تک پشاور میں جاری رہا،وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پنجاب کی قیادت کے اعزاز میں افطاری کا بھی اہتمام کیا۔ ذرائع کے مطابق مرکزی قیادت نے اڈیالہ جیل کے باہر احتجاجی کیمپ لگانے کی توثیق نہیں کی اور اس فیصلے پر تحریک انصاف پنجاب کے اراکین برہم ہو گئے، میڈیا میں اس کیمپ کے بارے میں جو خبریں سامنے آئی تھیں، ان پر مرکزی قیادت نالاں نظر آئی۔اجلاس میں پنجاب میں پولیس کے چھاپوں، کارروائیوں اور عدالتوں میں کیسز پر بھی تفصیل سے بات کی گئی۔ تحریک انصاف نے اپنے موقف پر ڈٹے رہنے کا عزم ظاہر کیا۔تحریک انصاف کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے قانون کی حکمرانی کیلئے اپنی تحریک تیز کرنے کا اعلان کر دیا۔ہری پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے سب پارٹیوں سے مل کر پلان بن رہا ہے، اختر مینگل اور سراج ترین پر جھوٹی ایف آئی آرز کی مذمت کرتے ہیں، لوگوں کے دلوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑی وجہ مسنگ پرسن ہیں، آئین اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہوگا، قانون کی حکمرانی کیلئے اپنی تحریک تیز کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک کی معیشت روز بروز خراب ہو رہی ہے، روپے کی قدر میں کمی سے 4 ہزار ارب روپے کا نقصان ہوا، ملک کے مختلف ڈیپارٹمنٹس میں کرپشن بڑھ گئی، گزشتہ دو سال سے ملک میں کوئی سرمایہ کاری نہیں ہوئی، مزید دو کروڑ افراد غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دو سالوں میں 20 لاکھ لوگ پاکستان سے ہجرت کر گئے، بیس لاکھ لوگوں کے جانے سے 27 ارب ڈالر کیش ملک سے چلا گیا، مسلط شدہ حکومت آئی ایم ایف سے محض ڈیڑھ ارب ڈالر مانگ رہی ہے، حکومت ہر جگہ ناکام نظر آ رہی ہے۔رہنما پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ پیکا ایکٹ کے تحت میڈیا پر تلوار لٹکا دی گئی، ملک میں شفاف الیکشن ہی مسائل کا واحد حل ہے