پارلیمانی پارٹی اجلاس ،ارکان کے تلخ سوالات،دعوت نامہ نہیں ملا:بیرسٹرگوہر
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)دعوت ملنے پرقیادت امریکی وفدسے کیوں نہیں ملی،پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اراکین اسمبلی اپنی قیادت پربرہم،تیزجملوں کاتبادلہ ،بیرسٹرگوہراورعامرڈوگراراکین کے سوالات کے خاطرخواہ جواب نہ دیسکے،پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اپوزیشن لابی میں سرتاج گل کی زیرصدارت ہوا،جس میں امریکی سفارتخانہ کے دعوت نامے پر بات چیت کی گئی ، اجلاس کے دوران اراکین میں تیز جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ذرائع کے مطابق اراکین قومی اسمبلی نے اپنی قیادت سے امریکی کانگریس کے دعوت پر نہ جانے پر سوالات کیے،اراکین نے سوال کیا کہ جب دعوت نامہ بھیجا گیا ہے تو قیادت گئی کیوں نہیں ؟امریکی سفارتخانہ کی دعوت پر جانا چاہئے تھا، ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر اور عامر ڈوگر اراکین کے سوالوں کے خاطر خواہ جواب نہ دے سکے،بیرسٹرگوہرنے موقف اپنایا کہ مجھے دعوت نامہ نہیں ملا، میں نے ای میل چیک کی ہے کوئی دعوت نامہ نہیں ملا، ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر اتوارکے دن پشاور گئے تھے جب کہ عامر ڈوگر ایک ایم این اے کے فرزند کی شادی میں تھے۔ادھرسینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا ہے کہ امریکی ارکان کانگریس سے ملاقات کے دوران قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کونہ بلاناسپیکرکی بدنیتی ہے۔سینیٹر شبلی فرازنے اپنے بیان میں امریکی ارکان کانگریس سے ملاقات کے وقت قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرز عمر ایوب اور بیرسٹر گوہر کے بجائے عاطف خان اور ڈاکٹر امجد کو بلانے پر سپیکر ایاز صادق کو تنقید کا نشانہ بنایا اورکہا ایاز صادق نے پی ٹی آئی کا نہیں بلکہ ہاؤس کا وقار مجروح کیا۔