تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول تک پہنچنے کا امکان، پانی کا قابل استعمال ذخیرہ ختم ہونے کے قریب تربیلا ڈیم کی سطح آج رات تک ڈیڈ لیول تک پہنچنے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں پانی کا قابل استعمال ذخیرہ ختم ہوجائے گا۔
ارسا ذرائع کے مطابق، تربیلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ صرف 26 ہزار ایکڑ فٹ رہ گیا ہے، اور سطح ڈیڈ لیول تک پہنچنے کے لیے صرف 3 فٹ باقی ہیں۔ تربیلا ڈیم کا ڈیڈ لیول 1405 فٹ ریکارڈ ہے۔ارسا نے بتایا کہ تربیلا ڈیم سے پانی کا اخراج 20 ہزار کیوسک ہے، جبکہ دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر پانی کی آمد 14 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی۔منگلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 1 لاکھ 94 ہزار ایکڑ فٹ ہے، اور دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر پانی کی آمد 16 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ، دریائے چناب اور دریائے کابل میں پانی کی آمد بھی معمولی سطح پر ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق، شمالی علاقوں میں درجہ حرارت کم ہونے کی وجہ سے برف پگھلنے کا عمل سست ہوگیا ہے۔ اسکردو سمیت دیگر شمالی علاقوں میں درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔