ڈونلڈ ٹرمپ کا روس۔یوکرین امن معاہدے کے لیے عزم، پیوٹن اور زیلینسکی سے رابطے جاری

ڈونلڈ ٹرمپ کا روس۔یوکرین امن معاہدے کے لیے عزم، پیوٹن اور زیلینسکی سے رابطے جاری

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ روس اور یوکرین کے درمیان امن معاہدے کے لیے پُرعزم ہیں اور اس سلسلے میں دونوں ممالک کی قیادت سے رابطے جاری ہیں۔

ایک امریکی ٹی وی چینل کو دیے گئے ٹیلیفونک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے یوکرین تنازع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور یوکرینی صدر ولودیمیر زیلینسکی کے درمیان براہِ راست مذاکرات کے امکانات فی الحال غیر یقینی ہیں، تاہم امریکہ امن کی راہ ہموار کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔ٹرمپ نے کہا:"میں پیوٹن اور زیلینسکی دونوں سے بات کر رہا ہوں، کچھ نہ کچھ ہونے والا ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ دونوں رہنما اس وقت براہِ راست ملاقات کے لیے تیار نہیں ہیں، لیکن واشنگٹن اس عمل کو ممکن بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔ ٹرمپ کے بقول، روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کا خاتمہ نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن و استحکام کے لیے بھی ناگزیر ہے۔امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یوکرین میں جاری جنگ نے یورپ اور دنیا بھر میں معاشی اور سلامتی کے خدشات کو بڑھا دیا ہے۔