کھاڑک نالہ گندگی سے نکاسی بند

 اقبال ٹا ئون کے نیلم بلاک، گلشن بلاک اور رچنا بلاک سمیت کئی علاقوں میں نکاسی آب کا نظام درہم برہم ہوکررہ گیا
لاہور (کرائم رپورٹر)علامہ اقبال ٹا ئون کا مرکزی نکاسی آب کا نالہ ‘‘کھاڑک ڈرین’’ کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکا ہے، لیکن واسا انتظامیہ نے جعلی رپورٹس پیش کر کے سب اچھا کی رپورٹ دے دی۔ حقیقت یہ ہے کہ کھاڑک ڈرین میں گندگی کے پہاڑ کھڑے ہیں، پانی کا نکاس بند ہو چکا ہے، اور اس کا براہِ راست نقصان عوام کو ہو رہا ہے۔ روزنامہ دنیا سروے کے مطابق لاہور کے مرکزی نالوں کی صفائی میں واسا کے شعبہ او اینڈ ایم نے جعلی اور غلط رپورٹس جمع کرانا شروع کر دیں، ہر سال مون سون سے پہلے بڑے دعوے کیے جاتے ہیں کہ لاہور کے تمام ڈرینز کی ڈی سلٹنگ کی جائے گی، لیکن مون سون ختم ہوتے ہی واسا اپنے وعدے بھول جاتا ہے۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ نالوں میں کوڑا کرکٹ جمع ہوتا رہتا ہے، سیوریج مسائل میں اضافہ ہوتا رہتا ہے، واسا کے شعبہ او اینڈ ایم اقبال ٹا ئون کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے سبب کھاڑک نالے کی ڈی سلٹنگ نہیں کرائی گئی، کھاڑک ڈرین کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے علامہ اقبال ٹا ئون کے نیلم بلاک، گلشن بلاک اور رچنا بلاک سمیت کئی علاقوں میں نکاسی آب کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔ واسا علامہ اقبال ٹا ئون ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے ڈی سلٹنگ سے متعلق رپورٹس بنا کر سب اچھا کی رپورٹ دی جارہی ہے لیکن عملی طور پر ہر گزرتے دن کے ساتھ کھاڑک ڈرین کی گندگی میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔