پی ایچ اے :پارکنگ فیس سے شہری سستی تفریح سے محروم

لاہور ( کرائم رپورٹر ) پی ایچ اے انتظامیہ کی طرف سے لاہور کے باسیوں کے لیے سستی تفریح کو مہنگا کیا جارہا ہے، ماضی میں شہریوں کو پارکوں میں پارکنگ کی سہولت بغیر کسی چارجز کے میسر تھی، لیکن گزشتہ دو سالوں سے پارکنگ فیس کا نفاذ کیا جا رہا ہے، جو اب مزید پارکس میں بھی لاگو ہونے جا رہا ہے۔ پی ایچ اے انتظامیہ نے پارکنگ سٹینڈز کے ٹھیکے نجی کمپنیوں کو ٹینڈر کے ذریعے دیے جا رہے ہیں، جو ایک سال کے لیے ہوں گے، جبکہ پارکنگ چارجز ضلعی حکومت کے مقرر کردہ ریٹس کے مطابق وصول کیے جائیں گے۔ماضی میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے حکم پر پارکوں میں پارکنگ فیس ختم کی گئی تھی، بزدار دور اقتدار میں چار مرتبہ پارکوں میں پارکنگ فیس عائد کرنے کی کوشش کی گئی، پی ایچ اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 18 ویں اور 19 ویں اجلاس میں پارکنگ فیس عائد کرنے کی منظوری بھی لی گئی، پی ایچ اے انتظامیہ نے ماضی میں وزیر اعلیٰ پنجاب کو پارکنگ فیس عائد کرنے کے تین مراسلے بھی ارسال کیے۔