اشیاء سستی نہ ہوسکیں‘ایل پی جی بھی مہنگی فروخت‘پیرا اہلکار غائب گیس سستی نہیں دے سکتے تو زہر ہی دیدیں:شہری

ایل پی جی کی قیمت  241 روپے 43 پیسے کلو  مقرر ہونے کے باوجود لاہور سمیت کئی شہروں میں400 روپے سے زائد پر فروخت کی جار ہی ہے
لاہور(سپیشل رپورٹر‘ایجنسیاں)پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت کم ہونے کے باوجود اشیاء￿  ضروریہ کی قیمتیں کم نہ ہوئیں جبکہ  ملکی تاریخ کی مہنگی ترین ایل پی جی خریدنا عوام کے لیے درد سر بن گیا، ایل پی جی مافیا کو کنٹرول کرنے والے ادارے بھی ان کے آگے بے بس ہوگئے  ہیں۔بہت سارے رکشہ ڈرائیور اتنی مہنگی ایل پی جی خریدنے کے بعد ہزاروں روپے کے مقروض ہوگئے، دو وقت کی روٹی تو دور کی بات رکشہ چلانا بھی مشکل ہوگیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق غربت میں پسے عوام کا کہنا ہے کہ ایل پی جی سستی نہیں دے سکتے تو تھوڑا سا زہر ہی دے دیں۔لاہور سمیت ملک کے کسی بھی کونے میں اوگرا کی مقرر کردہ قیمت پر ایل پی جی دستیاب ہی نہیں، اوگرا اور ایل پی جی مافیا کے گھٹ جوڑ کے باعث عوام سستی ایل پی جی کو ترس گئے۔اوگرا نے جولائی کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں 68 روپے کمی کے بعد نئی قیمت 241 روپے 43 پیسے مقرر کی مگر لاہور سمیت ملک کے کسی بھی شہر، قصبے، دیہات اور مضافات میں ایل پی جی اوگرا کی مقرر کردہ قیمت پر دستیاب ہی نہیں بلکہ ایل پی جی مافیا اور دکانداروں کی اپنی ہی من مانی قیمت پر فروخت ہو رہی ہے، 241 روپے کے بجائے کہیں 450 روپے تو کہیں 480 روپے تو کہیں 500 روپے تک فروخت کی جا رہی ہے